صدر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دی، عدالت نے ان کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیرِ اعظم کے مشورے پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ایوانِ صدر کے مطابق یہ اقدام اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج اپنے فیصلے میں حکم دیا تھا کہ جسٹس جہانگیری کی بطور جج تقرری قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں تھی اور انہیں فوری طور پر عہدےکےلئے نااہل قرار دیا گیا۔ عدالت نے وزارتِ قانون کو ڈی نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جسٹس جہانگیری تقرری اور توثیق کے وقت درست ایل ایل بی ڈگری نہیں رکھتےتھے، جبکہ آئین کے آرٹیکل 175-A کے تحت یہ اہلیت لازمی شرط ہے۔
فیصلہ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے دیا۔ سماعت کے دوران جامعہ کراچی کے رجسٹرار نے بتایا کہ سنڈیکیٹ نے ڈگری کو غیر منصفانہ ذرائع سے حاصل ہونے پر منسوخ کیا تھا۔
واضح رہے کہ جسٹس جہانگیری نے فیصلے سے قبل چیف جسٹس پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے وفاقی آئینی عدالت اور سپریم جوڈیشل کونسل سے بھی رجوع کیا تھا۔

![صدر نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/12921_2025-12-18_20-20-57.webp)












