پاکستان اور ایران نے دو طرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری روابط میں ایک اہم سنگ میل عبور ہوا ہے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
دونوں ممالک نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام اور تجارتی حجم میں اضافے پر اتفاق کیا جبکہ ملاقات میں نجی شعبے کے کردار کو فروغ دینے اور اقتصادی و صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
قزوین چیمبر آف کامرس کے سربراہ اور اراکین نے کراچی میں تجارتی و صنعتی نمائش میں خصوصی شرکت کی، جہاں زراعت، کیمیائی صنعت، ایل این جی اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ماہرین کے مطابق پاک ایران تجارتی تعلقات کے استحکام سے علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوسکے گی اور دو طرفہ تجارتی تعاون سے معاشی استحکام، روزگار میں اضافہ اور خوشحالی کی امید بڑھ سکتی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی دور اندیش حکمت عملی پاکستان کے بین الاقوامی اور اقتصادی روابط میں بہتری کا سبب بن رہی ہے۔

![پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے لیے 10 ارب ڈالر کاہدف مقرر [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/12213_2025-12-17_10-17-54.webp)












