اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف کیس میں شہادتیں دوبارہ ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس میں شہادتیں دوبارہ ریکارڈ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ جسٹس اعظم خان نے معاملے کی میرٹ پر جائے بغیر تین روز میں شہادتیں دوبارہ ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ کے آرڈر سمیت ریکارڈ پیش کرنے کے لیے وقت دیا جائے۔ سینئر وکیل فیصل صدیقی آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے۔ جسٹس اعظم خان نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کرنے کا کہا ہے اور فیئر ٹرائل ملزمان کا آئینی حق ہے، اس لیے مناسب موقع دیا جانا چاہیے۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کے سامنے تمام ریکارڈ موجود ہے اور فیصلہ کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ کیس میں تاخیر کی کوشش ہے۔
جسٹس اعظم خان نے کہا کہ عدالت میں حاضری میں استثنیٰ اسی لیے ہوتا ہے کہ ٹرائل متاثر نہ ہو۔ ہم کیس کے میرٹس پر نہیں جا رہے، بلکہ فریقین کی رضامندی سے شہادتیں دوبارہ ریکارڈ کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔

![ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیس میں شہادتیں دوبارہ طلب [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/11778_2025-12-16_08-12-49.webp)












