شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کے وکیلوں کو ایک ارب روپے کی ادائیگی کا دعویٰ کیا، علیمہ خان اور خدیجہ شاہ کی رقم مینجمنٹ پر سوالات اٹھے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے قانونی مقدمات لڑنے کے لیے وکیلوں کو ایک ارب روپے کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم مختلف ذرائع سے جمع کی گئی، جن میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی خطیر رقم بھی شامل ہے، مگر انہیں معلوم نہیں کہ یہ پیسہ کہاں خرچ ہوا۔
شیر افضل مروت کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے معروف وکیل سلمان اکرم راجہ کو 24 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک وکیل کو ہائر کرنے میں بھی 20 سے 25 فیصد کمیشن دینا پڑتا تھا۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 26 نومبر کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے مزید 38 کروڑ روپے دیے گئے، جنہیں علیمہ خان اور خدیجہ شاہ مینج کر رہی تھیں۔
شیر افضل مروت کے ان بیانات کے بعد پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات اور فنڈز کے استعمال پر سوالات نے توجہ حاصل کر لی ہے۔















