پنجاب اسمبلی میں 27 ویں آئینی ترمیم کی قرارداد جمع، ادارتی استحکام اور شفافیت کی حمایت۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب اسمبلی میں 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں قرارداد جمع کرائی گئی ہے، جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پیش کیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان 27 ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اسے ادارہ جاتی استحکام اور شفافیت کی ضامن قرار دیا گیا ہے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ لوکل گورنمنٹ کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ نظامِ بلدیات پر کوئی حملہ نہ ہو سکے۔
ایوان نے آئینی عدالت کے قیام کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترمیم سے عدلیہ کی آزادی اور غیرجانبداری کو تقویت ملے گی۔ ترمیم سے صوبائی خودمختاری اور وفاقی توازن مضبوط ہوگا جبکہ الیکشن کمیشن کو خودمختار اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
قرارداد میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ یہ ترمیم ادارہ جاتی ارتقا ہے اور وزیرِ اعظم پاکستان کو آئینی اصلاحات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ایوان نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم پاکستان کے اداروں کے استحکام کا سنگِ میل ثابت ہوگی۔















