اوگرا نے پیٹرولیم قیمتوں میں کمی سے متعلق خبروں کو قیاس آرائی قرار دے دیا، قیمتوں کا تعین وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت ہوتا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی قیاس آرائیوں کا نوٹس لیا ہے۔ اوگرا نے اعلامیے میں واضح کیا ہے کہ زیرِ گردش خبریں محض مفروضات پر مبنی ہیں اور ان کا اتھارٹی کے کسی باضابطہ اقدام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اعلامیے کے مطابق، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا کوئی بھی حساب کتاب صرف وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت کیا جاتا ہے۔ اوگرا نے کہا ہے کہ قیمتوں سے متعلق کسی بھی کمپیوٹیشن یا ورکنگ کو قانونی تقاضوں کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر بروقت جمع کرایا جائے گا۔
گزشتہ روز کچھ ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ پیٹرول 36 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 11 روپے 85 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد اوگرا کا یہ وضاحتی بیان جاری کیا گیا۔















