سہیل آفریدی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی قید میں ناروا سلوک پر مذمت کی اور صوبے کے حقوق کے لئے سب کمیٹی قائم کی۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل افریدی نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ناحق قید میں مسلسل تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ صوبائی کابینہ کی نشست میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قید میں سردیوں کا سامان بھی فراہم نہیں کیا جا رہا، اور عمران خان کی بہنوں پر واٹر کینن چلانے کا عمل شرمناک ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس غیر انسانی سلوک کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ این ایف سی اجلاس میں صوبائی حقوق کے لیے سب کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی صوبائی مشیر خزانہ کریں گے، اور یہ وفاق کو سفارشات پیش کریں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے لیے تمام سیاسی و قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔ انہوں نے این ایچ پی اور این ایف سی واجبات پر محکمہ خزانہ کو ہر ہفتے وفاق کو خط ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے لیے سالانہ 100 ارب روپے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن سات سال میں صرف 168 ارب دیے گئے، 532 ارب اب بھی بقایا ہیں۔ تمام محکمے اپنے بقایاجات کے حوالے سے وفاق کو ہفتہ وار خط ارسال کریں تاکہ ساری چیزیں ریکارڈ پر ہوں۔













