نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ جنرل کے کورٹ مارشل سے فوجی اور سول افسران محتاط ہوں گے، پیپلز پارٹی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ تین ستارہ جنرل کے کورٹ مارشل اور سزا کے بعد فوجی اور سول افسران محتاط ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں عام شہریوں کے بھی ملٹری ٹرائل ہوئے ہیں اور ملکی مفاد کے خلاف اقدامات پر سویلین کا کورٹ مارشل ہو سکتا ہے۔
نیئر بخاری نے مزید کہا کہ جمہوری سیاسی قیادت کسی پارٹی پر پابندی کی حمایت نہیں کر سکتی، تاہم آئین کی خلاف ورزی پر پابندی لگ سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے، بدترین حالات میں بھی نصرت بھٹو اور شہید بے نظیر نے جمہوریت کی خاطر مخالفین کو یکجا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عارضی ریلیف کے لیے ڈائیلاگ کی کوئی اہمیت نہیں اور ایسے ڈائیلاگ نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر الزام لگایا کہ وہ یوٹرن کے ذریعے بداعتمادی کی فضا پیدا کرتی ہے۔













