نارویجن سفیر کی عدالتی سماعت میں غیر ضروری شرکت سفارتی پروٹوکول کی خلاف ورزی قرار۔ وزارت خارجہ

پاکستان نے ناروے کے سفیر کی اسلام آباد کی عدالت میں غیر ضروری شرکت پر احتجاج کیا اور اسے سفارتی پروٹوکول کی خلاف ورزی قرار دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارتِ خارجہ نے ناروے کے سفیر کو طلب کر کے ان کی اسلام آباد کی عدالتی سماعت میں غیر ضروری شرکت پر احتجاج کیاہے۔ ایڈیشنل سیکریٹری (یورپ) نے سفیر سے ملاقات کی اور ان کے اس اقدام کو سفارتی پروٹوکول اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندریابی نے کہا کہ پاکستان نے سفیر کے رویے کو ملک کے داخلی امور میں مداخلت کے مترادف قرار دیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ سفیر کی عدالتی کارروائی میں موجودگی سفارتی آداب اور متعلقہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ناروے کے سفیر پر زور دیا گیا کہ وہ ویانا کنونشن اور سفارتی ضابطوں کی مکمل پابندی کریں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان سفارتی تعلقات کے طے شدہ اصولوں کا احترام کرتا ہے اور اسی کی توقع شراکت دار ملکوں سے بھی رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ ناروے کے سفیر نے آج سپریم کورٹ میں ایمان مزاری کے خلاف متنازع ٹوئٹ کیس کی سماعت میں شرکت کی تھی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

وزارت خارجہ نے سفیر کو ہدایت کی کہ وہ سفارتی تعلقات کے مقررہ اصولوں اور ویننا کنونشن کے آرٹیکلز کی تعمیل کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی داخلی عدالتی کارروائیوں میں کسی غیر ملکی کے بلاوجہ شامل ہونے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام سفارت کار مقامی قوانین اور سفارتی اصولوں کے پابند ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں