ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان-برطانیہ کے درمیان مجرموں کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں، انفرادی کیسز پر بات چیت ممکن ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرموں کی حوالگی کا کوئی باضابطہ معاہدہ موجود نہیں۔ تاہم دونوں ممالک انفرادی کیسز پر بات چیت کر سکتے ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ حوالگی کی درخواستوں پر کارروائی معمول کے مطابق جاری رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمان کی جانب سے تحفے میں دیے گئے جیگوار طیارے اس وقت قابلِ پرواز نہیں ہیں۔
بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان پر انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کیا، جبکہ ایف-16 طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لیے امریکا کی امداد کا خیرمقدم کیا۔
کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جیلوں میں سینکڑوں کشمیری غیر قانونی طور پر قید ہیں اور اقوام متحدہ کی رپورٹ میں 2,800 کشمیریوں کی جبری قید کا ذکر ہے۔
افغانستان کے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ کابل میں افغان اسکالرز کی قرارداد کا مسودہ پاکستان نے نہیں دیکھا، مگر دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھانا مثبت اشارہ ہے۔















