وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے عمران خان کی جیل منتقلی کی تردید کی اور کہا کہ جیل میں مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ جیل کے باہر کارکنوں کی پولیس سے ممکنہ جھڑپوں سے منگل کی رات جیسے مناظر دوبارہ دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے اداروں کے خلاف بیانات اور انتشار پر مبنی باتیں قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل کسی لیڈر کا سیاسی ہیڈکوارٹر نہیں ہوتا جہاں سے وہ ریاست اور اداروں کے خلاف ہدایات جاری کرے۔
وزیر نے بتایا کہ عدالتی حکم کے مطابق صرف منظور شدہ افراد کو عمران خان سے ملنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کے بیانات کو ذاتی رائے قرار دیتے ہیں اور پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ کی وجہ ان کا بیانیہ ہے۔
علاوہ ازیں، جیل ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں مکمل صحت مند ہیں اور ان کا خیال رکھا جاتا ہے۔















