اسلام آباد ہائی کورٹ نے کمبوڈیا میں مقیم پاکستانی شہری عزیر بٹ کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کمبوڈیا میں مقیم پاکستانی شہری عزیر بٹ کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیا اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو دس روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے کیس کی سماعت کی، جہاں درخواست گزار کے وکیل عبد الرحمن بابر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ شہری کی درخواست پر فیصلہ کر کے عمل درآمد رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو پیش کی جائے۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ عزیر بٹ اور ان کی فیملی کمبوڈیا میں رہائش پذیر ہیں، اور پاکستان واپسی پر ان کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے عمل درآمد رپورٹ منگوائی۔
وکیل نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام نہ کوئی جواب دیتے ہیں نہ کوئی عمل درآمد کرتے ہیں۔ عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ دس روز میں درخواست پر فیصلہ کر کے رپورٹ جمع کرائیں۔ کیس کی سماعت دس روز تک ملتوی کر دی گئی۔















