مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے 15 نئے صوبے بنانے کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی اعتماد کھو چکی ہے۔
خانیوال: (رائیٹ ناؤ نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پنجاب کے ضلع خانیوال میں جے یو آئی (ف) کے رہنما علامہ اکرام القادری کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا 15 صوبے بنانے کا فیصلہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کا مذاق بنایا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے زور دیا کہ موجودہ حکومت عوامی اعتماد کھو چکی ہے اور اس کے غلط فیصلے اس کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2 صوبے پہلے ہی جل رہے ہیں اور حکومت نئی صوبوں کی بات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فاٹا انضمام کا فیصلہ بھی بدترین ثابت ہوا ہے اور نئے صوبے بنانے کا فیصلہ بھی ایسا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ موجودہ مسائل پر توجہ دے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے بات چیت جاری ہے تاکہ اسمبلی میں مشترکہ لائحہ عمل بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے حال ہی میں 15 نئے صوبے بنانے کا اعلان کیا تھا جس پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔












