احسن اقبال نے پاکستان کے موجودہ نظام کو آبادی کے دباؤ کے باعث ناکام قرار دیتے ہوئے نئے صوبوں کی تشکیل کی تجویز دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتظامی مسائل کے حل کے لیے 12 سے 15 نئے صوبے بنانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام آبادی کے دباؤ کو برداشت نہیں کر پا رہا۔
احسن اقبال نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو کراچی سے اور پنجاب کو لاہور سے نہیں چلایا جا سکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر صوبے کو انتظامی بنیادوں پر تقسیم کیا جانا چاہیے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کو پشاور سے اور بلوچستان کو کوئٹہ سے چلانا مشکل ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق 160 اختیار والی ضلعی حکومتیں بھی ایک حل ہو سکتی ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں نظام کو بہتر بنانے کے لیے انتظامی توازن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک نے 1947 کے بعد کئی نئے صوبے بنائے ہیں جو ان کے نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔
یاد رہے کہ احسن اقبال نے کہا کہ سندھ اسمبلی کا استحقاق ہے کہ وہ اپنی قرارداد پاس کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اچھی تعلیم، صحت، صفائی اور پانی فراہم کرنا اہم ہے اور یہ کسی سیاسی نعرے سے بڑا مسئلہ ہے۔












