سی ایس ایس کے امتحان میں عمر کی حد اور مواقع بڑھانے کی سفارشات مسترد، اسٹیبلشمنٹ اور ایف پی ایس سی کا فیصلہ برقرار۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) امتحان میں عمر کی بالائی حد اور مواقع بڑھانے کی سفارشات کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے پارلیمانی کمیٹی کو اپنا تحریری موقف پیش کیا ہے۔
سینیٹ کی ذیلی کمیٹی نے عمر کی حد 30 سال سے بڑھا کر 35 سال اور چانسز 3 سے 5 کرنے کی سفارش کی تھی۔ تاہم، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان سفارشات کو ناقابل عمل قرار دیا ہے اور عمر کی موجودہ حد 30 سال برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق، عمر کی حد یا مواقع میں اضافہ وفاقی حکومت کے پالیسی دائرہ کار میں آتا ہے۔ ایف پی ایس سی حکومت کی منظور شدہ پالیسی پر ہی عمل کرتا ہے۔
ایف پی ایس سی کے 174 ویں اجلاس میں بھی موجودہ پالیسی کو ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ ہوا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کہتا ہے کہ عمر اور چانسز بڑھانے سے امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا، جس سے انتظامی بوجھ بڑھ جائے گا۔
یاد رہے کہ زائد عمر میں سول سروس جوائن کرنے والے افسران کی موثر مدت ملازمت کم ہو جاتی ہے، جس سے طویل مدت کے لئے تجربہ کار افسران کی دستیابی متاثر ہوتی ہے۔












