راولپنڈی میں طوفانی بارش نے 16 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، نیو کٹاریاں میں 230 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) راولپنڈی میں طوفانی بارش نے 16 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ مختلف علاقوں میں 230 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق نیو کٹاریاں میں سب سے زیادہ 230 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ شمس آباد میں 203، چکلالہ میں 206 اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے نالہ لئی کے اطراف رہنے والے شہریوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے۔
چیف واٹر انجینئر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ محمد عتیق نے بتایا کہ حالیہ بارشوں نے 16 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس سے قبل ایسی بارش 2010 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں نسبتاً کم بارش ہوئی جبکہ نالہ لئی کے اپ اسٹریم علاقوں میں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایت پر عملہ ہائی الرٹ ہے اور تاحال کسی ہنگامی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی۔ کنٹونمنٹ کو 6 حصوں میں تقسیم کر کے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔












