آزاد کشمیر کے 4 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس مکمل جبکہ 4 اضلاع میں جزوی بحال۔ کاروباری اور تعلیمی ادارے مستفید ہو رہے ہیں۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کے حکم پر آزاد کشمیر کے 4 اضلاع میں مکمل اور 4 اضلاع میں جزوی انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے۔ یہ نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سدھنوتی اور راولاکوٹ میں انٹرنیٹ سروس فی الحال بند رہے گی۔ مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ اور کوٹلی میں انٹرنیٹ سروس تعلیمی اداروں کے لیے بحال کی گئی ہے۔
میرپور، بھمبر، حویلی اور نیلم ویلی میں مکمل انٹرنیٹ بحالی کی گئی ہے۔ لیپا ویلی میں بھی مکمل انٹرنیٹ سروس بحال ہو گئی ہے جبکہ سدھنوتی اور راولاکوٹ میں بندش جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ 5 جون کو راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی لانگ مارچ کے باعث انٹرنیٹ معطل ہو گیا تھا۔ وزیراعظم افتخار گیلانی نے دو روز قبل انٹرنیٹ کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔
انٹرنیٹ کی بندش سے کاروبار اور سرکاری امور متاثر ہوئے تھے جبکہ طلبہ اور فری لانسرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے جزوی بحالی کی حمایت کی اور بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔












