اسلام آباد نے عالمی سیفٹی انڈیکس میں 83ویں پوزیشن حاصل کی، بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑا۔ پولیس نے قتل کے ملزمان کو 100 فیصد گرفتار کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد نے عالمی سیفٹی انڈیکس میں 401 شہروں میں 83ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اسلام آباد نے لندن، ماسکو، ٹورنٹو، گلاسگو اور استنبول جیسے بڑے شہروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق رواں سال قتل کے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے 100 فیصد تفتیش و گرفتاری کی شرح حاصل کی گئی۔ اہم مقدمات میں گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس سمیت دیگر کیسز شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق رواں سال پراپرٹی کرائمز میں 27 فیصد کمی آئی۔ 2025 کے مقابلے میں 1,499 واقعات کم درج ہوئے۔ ڈکیتی، راہزنی اور گاڑی چوری میں بھی کمی دیکھی گئی۔
انسداد دہشت گردی کے لیے خصوصی یونٹس قائم کیے گئے ہیں۔ یہ یونٹس ہائی رسک صورتحال میں فوری معاونت فراہم کرتے ہیں۔ سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مارگلہ ٹریل پٹرول یونٹ بھی قائم کیا گیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے منشیات فروشی کے خلاف کارروائیوں میں 1,144 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن بھی شروع کیا گیا۔












