نیپرا میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کی درخواست، جولائی میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بڑھانے کی تجویز، ستمبر سے نرخوں میں اضافے کا امکان۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں ملک بھر میں بجلی 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ یہ درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔
نیپرا نے بتایا ہے کہ جولائی میں درآمدی ایل این جی سے فی یونٹ بجلی 47 روپے 37 پیسے میں تیار کی گئی۔ درخواست کے مطابق، ایل این جی سے 77 ارب 19 کروڑ روپے کی 10.78 فیصد بجلی بنائی گئی۔
نیپرا کے اعلامیے کے مطابق، فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی بنائی گئی، جس کی لاگت 10 ارب 77 کروڑ روپے رہی۔ پانی، کوئلے اور نیوکلیئر ذرائع سے بھی مختلف فیصد میں بجلی پیدا کی گئی۔
درخواست کے مطابق، جولائی میں ڈیزل سے بھی 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی بنائی گئی، جس کی لاگت فی یونٹ 54 روپے 47 پیسے رہی۔ نیپرا کی سماعت 27 اگست کو ہوگی۔
یاد رہے کہ اگر نیپرا نے درخواست منظور کی تو ستمبر سے بجلی کے نرخ بڑھنے کا امکان ہے، جس سے صارفین پر جی ایس ٹی سمیت 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔












