وفاقی آئینی عدالت نے نجی موبائل کمپنی کی اپیل منظور کرلی، سپر ٹیکس کے خلاف ٹیکس کریڈٹ ایڈجسٹمنٹ قانونی قرار دے دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے نجی موبائل کمپنی کی اپیل منظور کرتے ہوئے سپر ٹیکس کے خلاف ٹیکس کریڈٹ کی ایڈجسٹمنٹ کو قانونی قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے کارپوریٹ ٹیکس دہندگان کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے کمپنی کے حق میں فیصلہ سنایا۔
عدالت کے جسٹس عامر فاروق نے چھ صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 168 کے تحت ٹیکس کریڈٹ ایک مسلمہ قانونی حق ہے۔ ٹیکس دہندہ کو اس قانونی حق کے استعمال سے روکنا قانون کے خلاف ہے۔
عدالت نے ایف بی آر کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹیکس دہندہ کی جانب سے دائر ایڈجسٹمنٹ کلیم کا جائزہ لے۔ فیصلے کے مطابق فیصلے کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندہ کے فائدے اور سہولت کو مدنظر رکھنا ہے۔
ایف بی آر نے نجی موبائل کمپنی کو سپر ٹیکس کی ادائیگی کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔ تاہم کمپنی نے ٹیکس کریڈٹ کو سپر ٹیکس کے خلاف ایڈجسٹ کرنے کی اپیل کی تھی جو پہلے مسترد ہو چکی تھی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کمپنی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ لیکن وفاقی آئینی عدالت نے ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے اور کمپنی کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔












