سولر توانائی کی مقبولیت میں اضافہ قومی گرڈ کے لیے چیلنج بن گیا، بجلی کی طلب میں 8.66 فیصد کمی دیکھی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) ملک میں سولر توانائی کی مقبولیت میں اضافہ قومی گرڈ کے لیے چیلنج بن گیا ہے۔ بجلی کی طلب میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اپریل تا جون سہ ماہی میں مختلف ڈسکوز کی بجلی فروخت میں 10 فیصد تک کمی آئی ہے۔ بجلی کی فروخت میں کمی سے صارفین پر کپیسٹی پیمنٹس کا بوجھ بڑھنے لگا ہے۔
دستاویز کے مطابق گھریلو اور کمرشل صارفین کی بڑی تعداد نے سولر پر منتقل ہو کر بجلی طلب میں کمی پیدا کی ہے۔ آئیسکو نے گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں رواں برس 10.77 فیصد کم بجلی فروخت کی ہے۔
گھریلو بجلی صارفین نے اپریل تا جون کے دوران 19.69 فیصد تک کم بجلی خریدی ہے۔ کمرشل صارفین نے بھی اسی دورانیے میں 6.85 فیصد تک کم بجلی خریدی ہے۔
یاد رہے کہ اپریل سے جون تک سہ ماہی کے دوران آئیسکو میں بجلی کی طلب میں 16 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اپریل میں بجلی کی طلب میں 16 فیصد، مئی میں 8 فیصد، اور جون میں 2 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔












