پاکستان میں سمندر کنارے پہلی بار بہترین کوالٹی کی گیس دریافت ہوئی، جو ملکی معیشت کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان میں سمندر کنارے پہلی بار بہترین کوالٹی کی گیس دریافت ہوئی ہے۔ یہ دریافت ضلع سجاول میں سرانی بلاک کے کنویں ڈولفنایکس 1 سے ہوئی ہے۔
ترجمان پی پی ایل نے بتایا ہے کہ خشکی اور سمندر کنارے ہائیڈرو کاربن کی دریافت ہوئی۔ یہ دریافت لوئر انڈس بیسن کی چلتن فارمیشن سے پہلی دریافت ہے۔
بیان کے مطابق کنویں سے یومیہ ساڑھے 9 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔ کھدائی 17 اپریل کو شروع ہوئی اور 3 ہزار 850 میٹر گہرائی تک کھودا گیا۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر اس پیشرفت سے آگاہ کیا ہے۔ اعلامیے میں نیوی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرین کے مطابق سمندر کی دلدلی زمین میں یہ دریافت اہم سنگ میل ہے۔ شیلو آف شور علاقوں میں مزید دریافتی امکانات موجود ہیں۔












