اسلام آباد میں 12 سال بعد یوم آزادی پر سٹی پریڈ کا انعقاد، ثقافتی رنگوں اور جوش و خروش سے بھرپور تقریب۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 سال بعد یوم آزادی کے موقع پر شاندار سٹی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں شہریوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔
اولڈ پریڈ گراؤنڈ، ڈی چوک میں ہونے والی اس تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔ قومی ثقافت کے مختلف رنگ نمایاں رہے اور شرکا نے یوم آزادی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائیں۔
پریڈ میں پولیس سکواڈ، جھنگ ڈانس گروپ، ڈھول پرفارمرز، پائپ اور پرکشن بینڈز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اونٹوں کے بینڈ کی منفرد پرفارمنس نے شرکا کی توجہ حاصل کی۔
معروف فنکاروں نمرا مہرا، ساحر علی بگا اور خماریاں بینڈ نے لائیو میوزک پرفارمنس پیش کی، جس سے جشن کا ماحول مزید پرجوش ہوگیا۔ ونٹیج کارز اور بائیکس نے تقریب کی رونق بڑھائی۔
یاد رہے کہ سٹی پریڈ کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پریڈ کا مقصد قومی ثقافت کو اجاگر کرنا اور شہریوں کو یوم آزادی کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔












