پشاور ہائیکورٹ نے افغان جرنیلوں کی عارضی قیام کی درخواستیں رد کر دیں، ویزے کی تجدید کا معاملہ متعلقہ حکام کے سپرد۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے دو سابق افغان فوجی افسران کی پاکستان میں عارضی قیام کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ یہ فیصلہ جسٹس وقار احمد اور جسٹس کامران حیات میانخیل نے کیا ہے۔
درخواست گزاروں میں سے ایک سابق افغان صدارتی پروٹیکٹو سروس میں اسپیشل ایجنٹ جبکہ دوسرا سابق افغان نیشنل آرمی کا رکن رہا ہے۔ دونوں نے افغانستان واپسی پر جان کے خطرے کا اظہار کیا تھا۔
عدالت نے بتایا کہ درخواست گزاروں نے ویزے کی تجدید کے لئے درخواست دے رکھی ہے۔ انہوں نے ہنگامی طبی علاج کی بھی استدعا کی تھی۔
پشاور ہائیکورٹ نے کہا کہ ویزے کی تجدید اور توسیع کے معاملات متعلقہ حکام کے دائرے میں آتے ہیں۔ عدالت نے آرٹیکل 199 کے تحت مداخلت کا جواز نہیں پایا۔
یاد رہے کہ افغان فوجی افسران نے پاکستان میں قیام کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا، لیکن ان کی درخواستیں خارج کر دی گئیں۔












