واشنگٹن ڈی سی میں نیتن یاہو کے خلاف احتجاج جاری، مظاہرین نے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دورۂ امریکا کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے امریکی حکومت سے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔
شدید بارش کے باوجود مظاہرین فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھائے وائٹ ہاؤس کی جانب مارچ کرتے رہے۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔
مظاہرین کا ایک گروپ جارج ٹاؤن میں واقع فور سیزنز ہوٹل کی لابی میں داخل ہو گیا۔ وہاں بنیامین نیتن یاہو رات کے کھانے میں شریک تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو ہوٹل سے باہر نکال دیا۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نعرے بازی کرتے رہے، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نسل کشی میں ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے 2024 میں نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ اسرائیل ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔














