پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے 6,040 میٹر بلند خسر گنگ چوٹی سر کر کے تاریخ میں نیا سنگِ میل قائم کر دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے خسر گنگ چوٹی سر کر کے تاریخ رقم کر دی۔ الپائن کلب آف پاکستان کی دوسری ویمنز مہم کامیابی سے مکمل ہوئی۔ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والی آٹھ خواتین نے 6,040 میٹر بلند چوٹی سر کی۔
کامیاب ٹیم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد کی خواتین شامل تھیں۔ مہم کی قیادت بی بی افزون نے کی۔ علی محمد سادپارہ اور صادق حسین سادپارہ نے تکنیکی معاونت فراہم کی۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے خواتین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے پاکستانی خواتین کی ہمت، عزم اور صلاحیتوں کو ثابت کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیاب سمٹ خواتین کی کوہ پیمائی کے فروغ کا اہم سنگِ میل ہے۔ الپائن کلب مستقبل میں بھی مزید مواقع فراہم کرے گا۔
یاد رہے کہ یہ پاکستانی خواتین کی دوسری کامیاب مہم تھی۔ ایسی کاوشیں خواتین کو قومی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع دیتی ہیں۔














