دانہ سر بس حادثے کے بعد 26 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل، تحقیقات جاری۔ نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر سیل اور کریک ڈاؤن شروع۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں بس حادثے کے بعد جاں بحق افراد کی شناخت، میتوں کی منتقلی اور تحقیقات جاری ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے حادثے کا شکار نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر سیل کر دیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 33 افراد کی لاشیں ژوب سول اسپتال منتقل کی گئیں۔ 26 افراد کی شناخت مکمل ہونے کے بعد ان کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کی گئیں۔ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ حادثے میں خواتین اور بچے بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ 4 خواتین، ایک بچے اور 2 مردوں کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی۔ ان کی میتیں ژوب میں موجود ہیں۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں ڈرائیور بابو استاد بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ لاشوں کی شناخت کے لئے قانونی کارروائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ سے خیبر پختونخوا جانے والی مسافر کوچ دانہ سر میں گہری کھائی میں گر گئی تھی۔ حادثے میں 40 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے تھے۔












