وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور نئے ٹیکس لگانے کی گنجائش نہیں ہے۔ موجودہ ٹیکس نظام کی اصلاحات پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے ٹیکس لگانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور توجہ ٹیکس نظام کی اصلاحات پر ہے۔
انہوں نے فیصل آباد میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ کی تیاری کے لئے مشاورت کا عمل اکتوبر سے جاری ہے۔ حکومت پہلی بار کاروباری افراد کی رائے شامل کر رہی ہے تاکہ پالیسیاں زمینی حقائق کے مطابق بنائی جا سکیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لئے سبسڈائزڈ فنانسنگ جاری رکھی جائے گی اور نجی شعبے کو زیادہ قرضے دینے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سے صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی شعبے کے لئے بجلی کے ٹیرف میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے۔ کارپوریٹ سیکٹر پر ٹیکس بوجھ کم کیا جا رہا ہے اور سپر ٹیکس میں بھی ریلیف دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت ٹیکس نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور ٹیکس نیٹ کو مؤثر بنانے کے لئے اصلاحات کر رہی ہے۔ نئے ٹیکس عائد کرنے کے بجائے موجودہ سسٹم کی بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے۔














