اوجی ڈی سی ایل نے اٹک کے جند ون کنویں سے گیس کی پیداوار بحال کر دی، یومیہ 21 ملین کیوبک فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔
اٹک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اوجی ڈی سی ایل نے بغیر غیر ملکی معاونت کے ڈیڈ کنویں کو دوبارہ آپریشنل کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ برسوں سے بند جند ون کنویں سے گیس کی پیداوار دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ اب یہاں سے یومیہ 21 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل کی جا رہی ہے۔
اوجی ڈی سی ایل نے اس اہم پیشرفت کے بارے میں حکام اور شیئر ہولڈرز کو آگاہ کر دیا ہے۔ کمپنی نے اپنے بیان میں بتایا کہ نہ صرف کنواں بحال ہوا ہے بلکہ گیس کی یومیہ پیداوار بھی بڑھ گئی ہے۔
2019 میں جند ون کنویں سے گیس کی یومیہ پیداوار صرف 7 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ تھی جو اب بڑھ کر 21 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ ہو گئی ہے۔
اوجی ڈی سی ایل کے مطابق مکینیکل ناکامی کی وجہ سے کنواں ڈیڈ ہو گیا تھا۔ کمپنی نے مکمل مقامی مہارت سے کنویں کو دوبارہ آپریشنل کیا ہے۔
واضح رہے کہ اوجی ڈی سی ایل کی یہ کامیابی ملکی توانائی کے وسائل میں اضافے کی جانب اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔













