وزیراعلیٰ پنجاب نے ‘اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم’ کا آغاز کیا، جس سے بے زمین دیہاتیوں کو 160 ارب روپے کی زرعی اراضی ملے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ‘اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم’ پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں بے زمین دیہاتیوں کو 160 ارب روپے کی زرعی اراضی فراہم کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13,812 زرعی لاٹس کے ذریعے 88,780 خاندان مستفید ہوں گے، جبکہ چولستان میں 16,685 لاٹس سے 101,111 خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ مجموعی طور پر 1 لاکھ 24 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی زمین دی جائے گی۔
سکیم کے تحت ہر کامیاب امیدوار کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زرعی اراضی دی جائے گی، اور فی ایکڑ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک کی گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ زمین 10 سال کیلئے دی جائے گی اور صرف زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہوگی۔ کاشتکار اپنی مرضی کی فصل اگانے کے مجاز ہوں گے، جبکہ ایگریکلچر افسران اور انٹرنیز فنی رہنمائی فراہم کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ سکیم دیہی غربت کے خاتمے اور زرعی پیداوار میں اضافے کی جانب انقلابی قدم ثابت ہوگی۔















