کوئٹہ میں قومی کراٹے کھلاڑی آرزو حیدر کا ٹریفک حادثے کے بعد انتقال۔ کھیل کے حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی کراٹے کھلاڑی آرزو حیدر کا کوئٹہ میں انتقال ہو گیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق آرزو حیدر گزشتہ روز ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوئیں اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ دورانِ علاج، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ انتقال کر گئیں۔
آرزو حیدر کی اچانک وفات پر کھیلوں کے حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مشیر کھیل بلوچستان مینا مجید نے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرزو حیدر ایک باصلاحیت، محنتی اور باہمت کھلاڑی تھیں جنہوں نے کم عمری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ آرزو حیدر نے قومی اور عالمی سطح پر کراٹے میں کئی کامیابیاں حاصل کی تھیں اور ان کا خلاء کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔















