اسرائیل نے لبنان کے کفر کلا میں بمباری کی، شہریوں کو گھروں کو واپس نہ آنے کی وارننگ دی گئی۔
بیروت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے علاقے کفر کلا میں تازہ بمباری کی ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ کفرکلا میں ایک میزائل لانچر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ جنوبی لبنان کے شہریوں کو گھروں کو واپس نہ آنے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے کئی سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کو واپس آنے سے روک دیا ہے، جبکہ لبنانی شہریوں کو دریائے لیطانی سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے لبنانی حدود میں اسرائیلی کانوائے پر حملے کیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج کی 8 گاڑیوں کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا، جس میں 4 بکتربند گاڑیاں تباہ ہوئیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے ہیں اور حالیہ واقعات نے دونوں ممالک میں تناؤ کو مزید بڑھا دیا ہے۔











