عمران خان کی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں 19 اپریل کو بڑا جلسہ ہوگا، سہیل آفریدی نے اعلان کردیا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 19 اپریل کو صوبے میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جلسہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے بتایا کہ جلسہ مردان ریلوے گراؤنڈ میں سہ پہر 3 بجے ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ناحق قید کیا گیا ہے اور پی ٹی آئی قیادت پر ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ تمام تر مظالم کے باوجود پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ 19 اپریل کو دکھائیں گے کہ عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود بڑی سیاسی سرگرمی کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مخالفین خصوصاً ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جلسے کو ناکام بنانے کے لیے منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں کو جلسے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے حامیوں میں بے چینی ہے اور وہ اپنی قیادت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔














