پنجاب میں توانائی بحران کے باعث تعلیمی اداروں میں 15 اپریل تک چھٹیوں کی سفارش کی گئی ہے جبکہ فیول راشننگ، ورک فرام ہوم اور دیگر اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب میں توانائی بحران کے پیش نظر حکومت نے بڑے فیصلے کیے ہیں۔ محکمہ توانائی نے وزیراعلیٰ کو 15 اپریل تک تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی سفارش کی ہے اور اسکولوں میں ہائبرڈ نظام تعلیم پر غور شروع کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، وفاق کی طرز پر فیول راشننگ کی جائے گی، جس میں پیٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم کی سخت ہدایات کی سفارش کی گئی ہے اور غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ میٹرو اور بس سروس بڑھانے کی سفارش بھی شامل ہے۔
تجاویز میں ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے، رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر چلانے اور مارکیٹ اوقات کار مزید محدود کرنے کی تجویز شامل ہے۔















