واٹس ایپ نے نیا فیچر ‘اسٹرکٹ اکاؤنٹ سیٹنگز’ متعارف کیا ہے، جو صارفین کی پرائیویسی کو بہتر بناتا ہے اور سائبر خطرات سے بچاتا ہے۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نیا فیچر ‘اسٹرکٹ اکاؤنٹ سیٹنگز’ متعارف کروایا ہے۔ یہ فیچر خاص طور پر سائبر اٹیکس، اسپائی ویئر یا دیگر ڈیجیٹل خطرات کے شکار افراد جیسے صحافیوں، عوامی شخصیات اور آن لائن انفلوئنسرز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
نئی سیٹنگ فعال کرنے پر واٹس ایپ صارف کے اکاؤنٹ میں سخت پرائیویسی کنٹرولز نافذ ہو جاتے ہیں، جس کے تحت نامعلوم رابطوں سے بھیجی جانے والی میڈیا فائلز اور اٹیچمنٹس بلاک ہو جاتے ہیں۔ اس سے ممکنہ نقصان یا خطرناک مواد کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
واٹس ایپ نے بتایا ہے کہ اس فیچر کے فعال ہونے کے بعد صارف کا اکاؤنٹ لاک ڈاؤن موڈ میں منتقل ہو جاتا ہے، جس سے کچھ فنکشنز محدود ہو جاتے ہیں لیکن مجموعی طور پر صارفین کو زیادہ محفوظ تجربہ فراہم ہوتا ہے۔ صارفین اسے واٹس ایپ Settings → Privacy → Advanced میں جا کر فعال کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ فیچر مرحلہ وار دنیا بھر میں دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ، واٹس ایپ نے اپنے سیکیورٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے کچھ اہم کوڈ کو رسٹ پروگرامنگ لینگویج میں تبدیل کیا ہے تاکہ مواد کو بہتر طور پر محفوظ کیا جا سکے۔















