پاکستان کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی ہدف 11 فیصد، اہم شعبے ٹیکس نیٹ میں شامل

پاکستان نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی ہدف 11 فیصد مقرر کیا، رئیل اسٹیٹ، زراعت اور ریٹیل سیکٹر ٹیکس نیٹ میں شامل۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی ہدف 11 فیصد، اہم شعبے ٹیکس نیٹ میں شامل

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی ہدف 11 فیصد مقرر کیا گیا ہے اور رئیل اسٹیٹ، زراعت اور ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق، گزشتہ 18 ماہ کے دوران پاکستان نے ایک جامع معاشی استحکام کے پروگرام پر عمل کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ افراطِ زر جو کبھی 38 فیصد تک پہنچ چکی تھی، اب سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے اور مالیاتی محاذ پر پاکستان نے پرائمری سرپلس حاصل کیے ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو کر تقریباً ڈھائی ماہ کی درآمدات کے برابر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کو اپ گریڈ کیے جانے اور آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کو پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ایسا ٹیکس نظام تشکیل دینا ہے جو مالی خود کفالت کو یقینی بنائے اور اس مقصد کے لیے کم ٹیکس شدہ شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے۔ توانائی کے شعبے میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

سینیٹر اورنگزیب نے جی سی سی ممالک کی جانب سے مالی معاونت اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کا مستقبل تجارت اور سرمایہ کاری پر مبنی شراکت داریوں سے وابستہ ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں