ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ہنگامہ آرائی کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اعلان کیا ہے کہ سینیٹ میں نظم و ضبط یقینی بنایا جائے گا اور ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور بے قابو رویے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سیدال خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ سینیٹ کو ہنگامہ آرائی کا میدان نہیں بننے دیں گے اور ایوان کا تقدس ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رولنگ پر مکمل عمل درآمد کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور پارلیمانی لیڈرز کو خطوط بھی ارسال کیے جا چکے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ ایوان میں غیر ضروری نعرے بازی پر پابندی ہوگی اور بد نظمی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ کی کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں اور رولنگ پر عمل درآمد کے بعد ایوان کے ماحول میں بہتری متوقع ہے۔















