لاہورسرکاری ہسپتال میں منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ

لاہور میں منکی پاکس کے تین نئے کیسز کے بعد صحت الرٹ جاری، مریضوں کی آئسولیشن میں منتقلی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور کے سرکاری ہسپتال میں منکی پاکس کے تین نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صحت سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ دو مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ تیسری خاتون میں منکی پاکس جیسی علامات پائی گئی ہیں اور ان کے ٹیسٹ جاری ہیں۔

طبی حکام کے مطابق تصدیق شدہ مریضوں کو آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مشتبہ کیس میں زیر معائنہ خاتون کو بھی احتیاطی طور پر علیحدہ وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران میو ہسپتال میں منکی پاکس کے چار کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد ممکنہ اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

یاد رہے کہ منکی پاکس، جسے ایم پاکس بھی کہا جاتا ہے، ایک وائرل بیماری ہے جو عام طور پر بخار، جلد پر خارش اور جسمانی تکالیف کا باعث بنتی ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور مشتبہ علامات کی صورت میں فوری طور پر صحت مرکز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں