وزیر مملکت برائے قانون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے دہرا معیار پر تنقید کی اور برازیل ماڈل اپنانے کی تجویز دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے پاکستان کے حوالے سے معیار کو دہرا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تعاون نہ کیا گیا تو برازیل ماڈل اپنانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ سوشل میڈیا پر چائلڈ پورنوگرافی کا مواد آٹو ڈیلیٹ ہوتا ہے تو دہشتگردی کا کیوں نہیں؟
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وزیر مملکت قانون بیرسٹر عقیل نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر ویڈیوز چوبیس گھنٹے میں ڈیلیٹ ہو جاتی ہیں مگر ایکس پلیٹ فارم دہشتگردی میں ملوث اکاؤنٹس کے آئی پی ایڈریس تک رسائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر عالمی عدالت سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی سے باز رہیں ورنہ حکومت ایکشن پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے دہشتگردی میں ملوث انیس اکاؤنٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اکاؤنٹس بھارت اور افغانستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پاکستان میں دفاتر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔













