پنجاب اسمبلی نے 27 ویں آئینی ترمیم اور پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد منظور کر لی، سیاسی جماعتوں پر پاک افواج کے خلاف بیان بازی پر بھی پابندی کی تجویز دی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب اسمبلی نے 27 ویں آئینی ترمیم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی سمیت متعدد قراردادیں منظور کر لیں۔ مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی پیش کردہ قرارداد میں آئینی ترمیم کی حمایت کی گئی، جو ادارہ جاتی استحکام اور شفافیت کی ضامن قرار دی گئی ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ لوکل گورنمنٹ کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے اور آئینی عدالت کے قیام کو خوش آئند قرار دیا گیا۔ ساتھ ہی، عدلیہ کی آزادی اور غیر جانبداری کی تقویت کا اعادہ کیا گیا۔ قرارداد میں وفاقی توازن اور صوبائی خودمختاری کے استحکام کی بات بھی کی گئی۔
پاک افواج کے خلاف بیان بازی کرنے والی سیاسی جماعتوں پر پابندی کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی طاہر پرویز نے پیش کی، جس میں ملکی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد میں ملک کے خلاف بیان بازی کرنے والی پارٹیوں کے بانیوں اور لیڈران پر پابندی لگانے کی سفارش کی گئی، اور قومی سلامتی کے لیے کام کرنے والے اداروں اور ان کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔














