پنجاب حکومت نے پتنگ بازی کے لیے نیا آرڈیننس 2025 جاری کر دیا، ڈپٹی کمشنر کی اجازت لازمی ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے نیا کائٹ فلائینگ آرڈیننس 2025 جاری کر دیا ہے جس کے تحت پتنگ بازی کے لیے ڈپٹی کمشنر کی اجازت لازمی ہوگی۔
آرڈیننس کے مطابق، پتنگ سازی اور فروخت کے لیے رجسٹریشن ضروری قرار دی گئی ہے، جبکہ پتنگ باز تنظیموں کو بھی رجسٹریشن کروانی ہوگی۔ رجسٹریشن کے بعد پتنگیں بنانے اور فروخت کرنے کا لائسنس جاری کیا جائے گا۔
2001 کے پتنگ بازی پابندی آرڈیننس کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے اور سابقہ اقدامات کو درست تسلیم کیا گیا ہے۔
آرڈیننس حکومت اور ڈپٹی کمشنر کو مخصوص مقامات، دنوں اور وقت پر غیر خطرناک مواد کے ساتھ محدود پیمانے پر پتنگ بازی کی اجازت دینے کا اختیار دیتا ہے، مگر غیر خطرناک مواد کی وضاحت نہیں کی گئی۔
پولیس کو بے پناہ اختیارات دیے گئے ہیں، جن کے تحت سب انسپکٹر بغیر وارنٹ گرفتاری کر سکتا ہے، مقام پر داخل ہو کر تلاشی لے سکتا ہے اور ممنوعہ سامان قبضے میں لے سکتا ہے۔ حکومت ضرورت کے وقت کسی بھی ادارے یا ایجنسی کو یہی اختیارات دے سکتی ہے۔















