پاکستان میں 2030 تک 3 ہزار ای وی چارجنگ اسٹیشنز نصب کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے سینیٹ کو آگاہ کیا ہے کہ ملک میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ انفراسٹرکچر کی توسیع جاری ہے اور 2030 تک 3 ہزار ای وی چارجنگ اسٹیشنز نصب کرنے کا قومی ہدف طے کر دیا گیا ہے۔ توانائی ڈویژن کے مطابق موجودہ مالی سال میں 240 چارجنگ اسٹیشنز نصب کیے جائیں گے جبکہ رواں سال کے دوران اب تک 72 لائسنس جاری ہو چکے ہیں۔
وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے سینیٹر محمد عبدالقادر کے سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ای وی چارجنگ انفراسٹرکچر اور بیٹری سوئپنگ اسٹیشنز کے قواعد 24 اکتوبر 2024 کو ایس آر او 1646(I)/2024 کے تحت منظور کیے گئے ہیں۔ ان قواعد کے نفاذ کے بعد نجی شعبے کو مجموعی طور پر 72 ای وی چارجنگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔
وزیر کے مطابق وزارتِ صنعت و پیداوار کی تیار کردہ نئی انرجی وہیکل پالیسی کے تحت 2025 سے 2030 تک 3 ہزار چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب کا خاکہ تیار کیا گیا ہے، جن میں سے 240 اسٹیشنز موجودہ مالی سال میں قائم کیے جائیں گے۔
حکومت نے بتایا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام اور نگرانی میں متعدد سرکاری ادارے کردار ادا کریں گے جن میں وزارتِ صنعت و پیداوار، نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا)، وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن)، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور متعلقہ تقسیم کار کمپنیاں شامل ہیں۔















