چین کے شہر نِنگبو میں شادی رجسٹر کرانے والے جوڑوں کو خصوصی واؤچرز دیے جائیں گے۔
نِنگبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کے مشرقی شہر نِنگبو میں حکومت نے 28 اکتوبر سے 31 دسمبر کے دوران شادی رجسٹر کرانے والے جوڑوں کے لیے خصوصی واؤچرز دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ واؤچرز شادی کی فوٹوگرافی، تقریبات، ہوٹل میں رہائش اور دیگر اخراجات پر استعمال ہو سکتے ہیں۔ واؤچرز کی کل مالیت ایک ہزار یوآن ہے، جو تقریباً چالیس ہزار پاکستانی روپے بنتی ہے۔ واؤچرز کی تقسیم پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہوگی۔
چین میں گزشتہ سال شادیوں کی تعداد میں ریکارڈ کمی ہوئی تھی، جس کی وجہ بچوں کی پرورش اور تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو قرار دیا گیا۔ چینی حکام کے لیے شادی اور بچوں کی پیدائش میں کمی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔
نِنگبو کے علاوہ چین کے دیگر مشرقی شہروں میں بھی اسی نوعیت کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جہاں کیش واؤچرز فراہم کیے جائیں گے۔ چینی حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوان جوڑوں کو شادی اور بچوں کی پیدائش کی جانب مائل کیا جائے۔
چین کی آبادی اب بھی 1.4 ارب ہے، مگر تیزی سے بڑھتی عمر رسیدگی حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ گزشتہ سال چینی حکام نے کالجوں اور یونیورسٹیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ طلبہ کو شادی اور خاندانی زندگی سے متعلق مثبت سوچ دینے کے لیے "محبت کی تعلیم” جیسے کورسز متعارف کرائیں۔















