بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد میں کہا کہ بھارت کی شکست کے بعد پاکستان کا معیار بلند ہوا اور بھارت کو 7 جہاز گرنے کی شکست ہمیشہ یاد رہے گی۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کو عبرتناک شکست دینے کے بعد پاکستان کا معیار بڑھ گیا ہے۔ مظفرآباد میں نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ بھارت کو ایک مہینے میں جنگی اور سفارتی محاذ پر جو شکست دی، اُس کے بعد مودی ہر جگہ سے منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ سے پاکستان تک سب بھارت کو یاد دلاتے رہیں گے کہ جنگ میں 7 جہاز گرے تھے، اسی وجہ سے مودی دنیا سے اپنا منہ چھپا رہا ہے اور ہم دنیا کے کسی بھی فورم سے اُسے بھاگنے نہیں دیں گے۔
بلاول نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو ان کے غیرمتزلزل عزم و حوصلے پر سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشنز میں سرغنہ عالم محسود سمیت 15 بھارتی پراکسی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنا بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی "عزمِ استحکام” مہم کی مکمل حمایت کرتے ہیں، بھارتی پراکسی دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کا صفایا کرنے کے لیے پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد کشمیر میں رکھی گئی جب ایک آمر نے ذوالفقار بھٹو کو شہید کیا تو کشمیر کے عوام نے مظفرآباد اور سری نگر میں بھی احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے دنیا بھر میں کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کی ترجمانی کی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں میرا مینڈیٹ عمران خان کے دور میں چوری کیا گیا، مگر کشمیر کے عوام نے مجھے مایوس نہیں کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دو دفعہ پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا مگر ہم نے اپنی پُرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔
بلاول نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہدایت کی کہ کشمیر کے عوام کی آواز بن کر محبت کے ساتھ کشمیری عوام کے ساتھ کئے وعدے پر عملدرآمد کرنا پڑے گا، مودی بھائی کو بھائی سے لڑا کر کشمیر کا موقف تقسیم کرنا چاہتا ہے مگر ہم اس سازش کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔














