مرگی کے دوروں کی فوری شناخت کے لیے جدید لیمپ متعارف

پرتگالی کمپنی لیمپسی ہیلتھ نے مصنوعی ذہانت سے مرگی کے دوروں کی فوری شناخت کرنے والا جدید لیمپ متعارف کرایا، جو مریضوں کی زندگی میں سکون پیدا کر سکتا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لزبن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پرتگال کی کمپنی لیمپسی ہیلتھ نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے مرگی کے دوروں کو حقیقی وقت میں پہچاننے والا جدید لیمپ متعارف کرایا ہے۔ یہ آلہ نہ صرف جانیں بچانے میں مدد دیتا ہے بلکہ مریضوں اور ان کے خاندان پر جذباتی دباؤ بھی کم کرتا ہے۔

کمپنی کے نمائندے کے مطابق، اکثر مرگی کے مریض بچپن سے ہی والدین کے پاس سوتے ہیں اور یہ آلہ ان کے روزمرہ معمولات میں سکون پیدا کر سکتا ہے۔ اس آلے کی درستگی ننانوے فیصد تک ہے جبکہ اس میں غلط الارم کی شرح دیگر طریقوں کے مقابلے میں اٹھارہ گنا کم ہے، جس کے باعث مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کی زندگی میں نمایاں آسانی پیدا ہو سکتی ہے۔

یہ لیمپ بغیر کسی جسمانی رابطے کے کام کرتا ہے اور صرف تصویروں کے ذریعے مریض کی حالت کا جائزہ لیتا ہے، کوئی بھی تصویر یا معلومات کہیں محفوظ یا شیئر نہیں کی جاتی، جس سے مکمل رازداری برقرار رہتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق مرگی دنیا بھر میں تقریباً پچاس لاکھ افراد کو متاثر کرتی ہے اور رات کے وقت ہونے والے مرگی کے بیشتر دورے پہچانے نہیں جاتے، جس کے نتیجے میں اچانک موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ جدید لیمپ دو ہزار چھبیس میں یورپ بھر میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آلہ مرگی کے مریضوں کی نگرانی کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی لائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں
کوئی نتائج نہیں ملے۔