جسٹس کے کے آغا نے آئینی عدالت کے جج کے طور پر حلف لیا

جسٹس کے کے آغا نے وفاقی آئینی عدالت کے جج کے طور پر حلف اٹھا لیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جسٹس کے کے آغا نے وفاقی آئینی عدالت کے جج کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر آئینی عدالت کے جج جسٹس عامر فاروق، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس علی باقر نجفی بھی موجود تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور دیگر ہائیکورٹ ججز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر واجد گیلانی، سیکرٹری منظور ججہ اور دیگر وکلاء بھی شریک تھے۔

دوسری جانب وفاقی آئینی عدالت کو فعال کرنے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی تیسری منزل پر چار عدالتوں کی تیاری جاری ہے جبکہ ایڈوکیٹ جنرل آفس اور اٹارنی جنرل آفس خالی کروا لیا گیا ہے۔ آئینی عدالت کی دو عدالتیں دوسری منزل پر قائم کی جائیں گی۔

جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت خالی کرانے کا سلسلہ جاری ہے اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت کو بھی  منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔ چیئرمین وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کورٹ ون میں بیٹھیں گے جبکہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کورٹ ٹو میں منتقل ہوں گے۔

دیگر متعلقہ خبریں