پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے ججز کے استعفے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عدلیہ کی آزادی کے لیے احتجاج کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے دو ججز نے استعفیٰ دے دیا ہے، جو جمہوریت کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے فیصلے کیے جاتے رہے تو ملک و قوم میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ موجود ہے مگر چیف جسٹس نہیں رہے، کیونکہ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں حلف نہیں لیا۔ انہوں نے اس اقدام کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پی ٹی آئی عدلیہ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترمیم میں بہت فرق ہے اور ہم نے اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا ہے، ایوان میں بھی احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سپریم کورٹ کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ اگر آئینی ترمیم کرنی ہے تو اداروں کی آزادی اور عوام کی مرضی کے مطابق ہونی چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عدلیہ پر پہلے بھی دباؤ ڈالا گیا ہے اور پی ٹی آئی عدلیہ کی آزادی کو واپس لائے گی۔















