پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے ٹیم رینکنگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ منگل کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز میچ میں فتح کے بعد پاکستان نے یہ مقام حاصل کیا۔
پاکستان نے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو چھ رنز سے شکست دی، جس سے نہ صرف سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی بلکہ عالمی درجہ بندی میں بھی بہتری حاصل کی۔
آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستان ون ڈے میں چوتھے، جبکہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے۔
راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستانی بیٹر سلمان آغا 14 درجے ترقی کے ساتھ 16ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ صائم ایوب جنوبی افریقا کے خلاف دو نصف سنچریوں کی بدولت 18 درجے ترقی پاکر 35ویں نمبر پر آ گئے۔
بالنگ کے شعبے میں حارث رؤف نے سری لنکا کے خلاف چار وکٹیں حاصل کیں اور تین درجے ترقی کے بعد 28ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ ابرار احمد نے جنوبی افریقا کے خلاف 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر بالنگ رینکنگ میں 17 درجے اوپر آگئے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں پاکستان سیریز اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گا۔















