حارث رؤف نے سری لنکا کے خلاف میچ جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ کے پلان پر یقین کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی پر زور دیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے سری لنکا کے خلاف میچ جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم جیتے ہیں اور اس کامیابی کے ساتھ پوری ٹیم بھی کامیاب ہوئی۔
حارث رؤف نے کہا کہ کھلاڑی ہمیشہ اپنی اگلی اسائنمنٹ کی طرف دیکھتے ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ کے لئے جب بھی موقع ملے گا، ملک کے لئے کھیلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے میچ میں موسم اثر انداز ہوتا رہا، لیکن ان کی کوشش یہی تھی کہ خود کو متحرک رکھیں اور باؤلنگ کے لئے تیار رہیں۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ایک پلان ہم بناتے ہیں، ایک پلان دوسرے کا ہوتا ہے اور سب سے زیادہ درست پلان وہ ہوتا ہے جو اللہ کا ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں اچھا نہ کرنے والے کو یاد رکھا جاتا ہے، چاہے آپ نے دس میچ جیتے ہوں، ایسا نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی فیلڈ میں معافی نہیں، بلکہ کھلاڑی کو ہمیشہ پرفارم کرنا ہوتا ہے۔ ہم روبوٹ یا مشین نہیں ہیں، غلطیاں ہوتی ہیں لیکن ہم ان کو درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
حارث رؤف نے مزید کہا کہ بیڈ ڈے آتا ہے، وہ گزر جاتا ہے اور اگلے دن کی صبح نئی امید لے کر آتی ہے۔ بابر اعظم کے شاندار کیچ آؤٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ آؤٹ اسٹینڈنگ کیچ تھا، لیکن کھلاڑی کو اس سے سیکھنا ہوتا ہے۔















