جسٹس منصور علی شاہ کے دلچسپ ریمارکس پر سپریم کورٹ میں قہقہے، آئینی عدالت سے متعلق کیس میں درخواست مسترد۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے وفاقی آئینی عدالت کے حوالے سے دلچسپ ریمارکس دیے ہیں۔ یہ ریمارکس محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب کے ڈاکٹر اعظم علی کی ترقی کے کیس کی سماعت کے دوران دیے گئے۔
جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ ان کے موکل کو نظرانداز کر کے جونیئر افسران کو ترقی دی گئی۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ہمیں دستاویزات سے دکھائیں کہ جونیئرز کو ترقی دی گئی اور آپ کے موکل کو نظرانداز کیا گیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اگر کوئی بہت مشکل سوال ہے تو ہم وفاقی آئینی عدالت کو بھیج دیتے ہیں، ہم تو ویسے بھی بیچارے ایسے ہی ہیں یہاں۔ ان کے ان ریمارکس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگے اور عدالت عظمیٰ نے درخواست مسترد کردی۔











